آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے 30 رکنی سکواڈ کو فائنل کرنے کیلئے کام شروع
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے جون میں ہونیوالی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لیے ابتدائی 30 رکنی سکواڈ فائنل کرنے کے لئے کام کا آغاز کر دیا جبکہ سلیکشن کمیٹی نے قومی ون ڈے ٹورنامنٹ سمیت جنوبی افریقہ میں موجود قومی سکواڈ کی کارکردگی کا جائزہ لینا شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ میں قومی کھلاڑیوں کی فٹنس لیول کی رپورٹ بھی ڈاکٹرز سے طلب کر لی جس کی روشن میں محمد عرفان، عمر گل اور جنید خان کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔ سلیکشن کمیٹی جنوبی افریقہ اور قومی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کھلاڑیوں کے ڈسپلن پر بھی خصوصی غور کرئے گا اگر کوئی کھلاڑی ڈسپلن کے حوالے سے متنازعہ ہوا تو اس کا نام ابتدائی 30 کھلاڑیوں کے فہرست میں شامل نہیں کیا جائیگا۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے کل 26 مارچ سے لاہور میں ہونے والے سپر ایٹ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں تمام سینئر کھلاڑیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے بھی پی سی بی کو یقین دہانی کرائی گئی کہ وہ سپر ایٹ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں اپنے ریجنز کی نمائندگی کرینگے۔