• news

آکلینڈ ٹیسٹ کا تیسرا روز، انگلینڈ ٹیم 204 رنز پر آﺅٹ

آکلینڈ (اے پی پی) انگلینڈ کی ٹیم آکلینڈ ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 239 رنز کے خسارے کے ساتھ 204 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ میٹ پرائر 73 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ کھیل کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے3 وکٹوں پر 35 رنز بنا لئے اور اسے 274 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ اتوار کو ایڈن پارک، آکلینڈ میں ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 50 رنز 2 کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو نک کمپٹن 12 اور ایان بیل 6 رنز پر کھیل رہے تھے۔ کمپٹن گزشتہ روز کے سکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرنے کے بعد ٹم ساﺅدی کا شکار بن گئے۔ ایان بیل دوسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 17 رنز بنانے کے بعد ٹم ساﺅدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 72 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی پانچویں وکٹ گر گئی جب جونی بیئرسٹو 3 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس موقع پر جو روٹ اور میٹ پرائر نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی 101 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور کو 173 تک پہنچا دیا۔ میٹ پرائر 73 رنز بناکر نیل وینگر کا نشانہ بنے۔ سٹورٹ براڈ 16 ، سٹیون فن صفر، جیمز اینڈرسن 4 اور جو روٹ 45 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوئے۔ اس طرح انگلینڈ کی پوری ٹیم 204 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئی اور اسے 239 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ سب سے کامیاب باﺅلر رہے۔ انہوں نے 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ ٹم ساﺅدی نے 3 اور نیل وینگر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 35 رنز بنا لئے اور اسے 274 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ ہمیش ردرفورڈ صفر، کیم ولیمسن ایک اور روس ٹیلر 3 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ پیٹرفلٹن 14 اور ڈین براﺅنلی 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ سٹورٹ براڈ نے دو اور جیمز اینڈرس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ای پیپر-دی نیشن