• news

عابدہ حسین نے بیٹا پی پی، شوہر مسلم لیگ (ن) میں بھجوا دیا، خود تحریک انصاف جائن کر لی: حافظ حسین

لاہور (ثناءنیوز) جمیعت علماءاسلام ف کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ بیگم عابدہ حسین نے اپنے بیٹے عابد امام کو پیپلزپارٹی کا ٹکٹ دلوا دیا۔ اپنے شوہر فخر امام کو ن لیگ میں بھجوا دیا۔ اب وہ خود تحریک انصاف میں چلی جائیں تاکہ اقتدار ان کے خاندان سے ”بچ“ کر نہ جا سکے ۔ اوکاڑہ میں راﺅ سکندر فیملی بھی مفاہمتی خاندان میں تبدیل ہو گئی۔ دو سابق گورنروں لطیف کھوسہ اور مسعود کوثر کو نا ہید خاں اور صفدر عباسی کا ممنون احسان ہونا چاہئے کہ چار پی اور تین پی کے مقابلے کی وجہ سے انہیں زرداری خاندان سے پارٹی کے عہدے ملے۔ ایک انٹرویو میں حافظ حسین احمد نے کہا کہ پانچ سال ملک میں فرینڈلی حکومت اور فرینڈلی اپوزیشن چلتی رہی اب نئے انتخابات میں فرینڈلی فیملیز کی روایت قائم ہو نا شروع ہو گئی ہے ۔ جھنگ میں عابدہ حسین کا خاندان ا ور اوکاڑہ میں راﺅ سکندر اقبال کا خاندان اس نئی روایت کے پہلے ”امین“ ہیں۔ دونوں خاندانوں کے کچھ افراد ن لیگ میں اور کچھ پیپلزپارٹی میں ہیں۔ انہوں نے کہا زرداری طاہر القادری کے ذریعے الیکشن ملتوی کروانا چاہتے ہیں۔ بلوچستان کی وزارت اعلیٰ کا کمال دیکھئے کہ چرس بیچنے والے اب نسوار بیچنے کی بات کر رہے ہیں۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ میں نہ ہی ٹکٹ یا کسی اور مفاد کی خاطر جے یو آئی کو چھوڑوں گا۔ مجھے نہیں معلوم کہ میری جماعت میں میرے ٹکٹ پر کیا فیصلہ ہو رہا ہے۔ البتہ جو لوگ مجھے کھڈے لائن لگوا کر جے یو آئی چھڑوانا چاہتے ہیں انہیں مایوسی ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن