انتخابات روکنے کےلئے اب بھی سازشیں ہو رہی ہیں: سلیم سیف اللہ
لاہور (آئی این پی) مسلم لیگ ہم خیال کی سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین سلیم سیف اللہ خان نے کہا ہے کہ اب بھی انتخابات روکنے کےلئے سازشیں ہو رہی ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ قوم کو بھی جاگتے رہنا ہو گا۔ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی کس منہ سے ووٹ مانگنے کےلئے عوام کے پاس جائیں گے؟ مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر الیکشن لڑیں گے۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سلیم سیف اللہ خان نے کہا کہ کچھ قوتیں اور ایسے لوگ موجود ہیں جو ملک میں بھی جمہوریت کو مستحکم اور بروقت انتخابات نہیں چاہتے۔ ملک کی بقاءاور عوام کے مستقبل کےلئے بروقت اور شفاف انتخابات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے پانچ سال میں ملک و قوم کےلئے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس کو جواز بنا کر وہ عوام سے ووٹ مانگ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلم لیگی متحد ہو رہے ہیں جہاں تک ق لیگ کا تعلق ہے اس میں صرف چودھری برادران ہیں کوئی اور مسلم لیگی نہیں ہے۔