جنوبی پنجاب، مزاری، دریشک اتحاد کا اجلاس طلب، انتخابی اتحاد سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ ہوگا
لاہور (خبرنگار) جنوبی پنجاب کے اہم سیاسی مزاری، دریشک اتحاد نے مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی یا مسلم لیگ ق میں شمولیت یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے فیصلے کے لئے اجلاس طلب کر لیا۔ جس میں سابق نگران وزیراعظم بلخ شیر مزاری اور قومی اسمبلی میں سابق چیف وہیپ سردار نصراللہ خان دریشک کے علاوہ راجن پور کے دیگر سیاسی گروپ بھی شریک ہوں گے۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر مملکت دوست محمد مزاری اور سابق ضلع ناظم راجن پور رضا خان دریشک نے کہاکہ سیاسی جماعت میں شمولیت کا فیصلہ بزرگ کریں گے۔ کسی بھی جماعت میں شمولیت یا آزاد الیکشن لڑنے کا فیصلہ اگلے دو روز میں کر لیا جائے گا۔ دوست محمد مزاری اور رضا خان دریشک نے کہاکہ مزاری، دریشک اتحاد جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی مکمل حمایت کرتا ہے، کسی ایسی جماعت سے اتحاد نہیں ہو گا جو جنوبی پنجاب کے عوام کو اس حق سے محروم کرنے کی سوچ رکھتی ہو۔