زرداری ٹولہ کی بے دریغ لوٹ مار سے ملک آکسیجن سٹنٹ پر موجود ہے: ساجد میر
مریدکے+ لاہور (نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے آئندہ انتخابات ملک کیلئے نہایت اہمیت کے حامل ہیں، قوم کے پاس بہترین موقع ہے وہ پاکستان اسلام اور جمہوریت کے حق میں ووٹ دے کر ملک دشمن عناصر اسلام اور جمہوریت پر شب خون مارنے والی قوتوں کے ایجنٹوں کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں، صرف نوازشریف کا راستہ روکنے کیلئے بیرونی اور خفیہ اندرونی قوتیں ملک میں لابنگ میں مصروف ہیں۔ کپتان قادری اور مشرف اس مقصد کیلئے متحرک ہیں۔ مسلم لیگ اور مذہبی قوتوں کو متحد ہوکر میدان عمل میں نکلنا ہو گا کیونکہ وطن عزیز مخلص، محب وطن قیادت کا منتظر ہے۔ دورہ سعودی عرب سے واپسی پر صاحبزادہ محمد امجد اجمل کی رہائش گاہ پر میڈیا سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا ہمارا ملک زرداری ٹولہ کی ظالمانہ اور بے دریغ لوٹ مار سے آکسیجن سٹنٹ پر موجود ہے کیونکہ ہر طرف بحران ہی بحران نظر آتے ہیں، ملکی معاملات جتنے اب گھمبیر ہیں اس کا ذمہ دار مشرف ہے۔ پاکستان میں مضبوط قیادت ہو گی تو عالم اسلام بھی مضبوط ہو گا۔ فلسطین، کشمیر، میانمار میں مظالم پر امت مسلمہ افسردہ ہے۔ نظریہ پاکستان کا حقیقی علمبردار ہے ہم مجید نظامی کو 73ویں سالگرہ پر جمعیت کی طرف سے تحسین پےش کرتے ہیں کیونکہ نوائے وقت قوم کا نباض ہے عرب و نجم کے لوگ مجید نظامی کی دلی قدر کرتے ہیں۔ قبل ازیں این این آئی کے مطابق ساجد میر نے سعودی عرب کے وزیر انصاف محمد عبدالکریم آل عیسیٰ سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امو رپر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی وزیر نے کہا سعودی عرب پاکستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہے۔ ایک ایٹمی صلاحیت کے مالک مسلم ملک کے حوالے سے ہمیں پاکستان پر بڑا فخر ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کا استحکام عالم اسلام کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا پاکستانی قوم حرمین شریفین کے تقدس اور اس کی حفاظت کے لئے ہر قسم کی قربانی کا جذبہ رکھتے ہیں۔