• news

بگٹی مہاجرین کی آبادکاری نہ کرنا افسوسناک ہے، سپریم کورٹ جائینگے: طلال بگٹی

کوئٹہ( این این آئی) جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال بگٹی نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی کو الیکشن کمشن پر تحفظات ہیں۔ ہم سپریم کورٹ بھی جا سکتے ہیں‘ الیکشن کا بائیکاٹ اور غیر ملکی سفیروں کے پاس بھی جا سکتے ہیں انہوں نے یہ بات اتوار کو بگٹی ہاﺅس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے ہمیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے انہوں نے کہا ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ بگٹی آپریشن کے دوران اندرون ملک ہجرت کر گئے تھے جن کا نام اس وقت ڈیرہ بگٹی کی ووٹر لسٹ میں نہیں ہم نے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا مگر ابھی تک ہماری درخواست پر عملدر آمد نہیں ہوا انہوں نے کہا پرویز مشرف نواب اکبر بگٹی کا قاتل ہے اسے جو بھی قتل کرے گا اسے ایک کروڑ روپے اور اگر اس کی بیوی اسے قتل کریگی تو انہیں دو ارب روپے دیئے جائیں گے اس کے علاوہ اگر کوئی اور شخص اسے قتل کرے گا تو اسے بھی اتنا ہی انعام دیا جائےگا انہوں نے کہا نگران سیٹ اپ کے بارے میں ہم سے کوئی مشورہ نہیں کیا گیا نگران وزیراعلیٰ کے بارے میں ہمارے تحفظات ہیں اس سلسلے میں عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں انہوں نے کہا ہم نے کئی بار حکومت سے کہا کہ وہ ڈیرہ بگٹی سے ہجرت کرنے والے بگٹی مہاجرین کو وہاں دوبارہ آباد کر کے ان کے نام ووٹر لسٹ میں درج کئے جائیں جس کی وجہ سے تقریبا ڈیڑھ لاکھ بگٹی مہاجرین اپنا ووٹ استعمال کرنے سے قاصر ہونگے اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ فوری طور پر ان کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کئے جائیں انہوں نے کہا بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل پچیس تاریخ کو پاکستان آ رہے ہیں ان کا خیر مقدم کرتے ہیں ان سے بلوچی حال احوال بھی کریں گے اور آئندہ الیکشن کے حوالے سے ان سے بات چیت کرینگے۔

ای پیپر-دی نیشن