پنجاب نے 2 برسوں میں تعلیمی شعبہ میں بے مثال ترقی کی : تھنک ٹینک ”ریفارم“ کی رپورٹ
لاہور (خصوصی رپورٹر + سٹاف رپورٹر) پنجاب نے تعلیمی شعبہ میں گذشتہ دو سال کے دوران بے مثال ترقی کی ہے اور سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی حاضری اس حد تک یقینی بنا دی گئی ہے کہ برطانیہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (DFID) کی مالی معاونت اور اشتراک سے کام کرنے والے 22 ممالک میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ اس امر کا انکشاف ”ریفارم“ کے نام سے قائم ایک ممتاز غیر جانبدار اور خودمختار ادارے کے تھنک ٹینک کی جانب سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ ”پاکستان سے اچھی خبر“ میں کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں دو سال سے بھی کم عرصے میں اساتذہ کی غیر حاضری کی شرح 20 فیصد سے کم ہو کر صرف 8 فیصد رہ گئی ہے اور ترقی پذیر ملکوں میں اس شرح کی کوئی برابری نہیں کر سکتا۔ رپورٹ کے مطابق اگست 2011ءتک پنجاب میں ضلعی انتظامیہ ہر مہینے صرف 22 فیصد سکولوں کی پڑتال کر پاتی تھی لیکن نومبر 2012ءتک سکولوں کی پڑتال کی شرح میں حیران کن اضافہ دیکھا گیا اور پورے صوبے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکولوں کی پڑتال کی شرح بڑھ کر 96.2 فیصد تک جا پہنچی۔ یہ رپورٹ آج منگل 26 مارچ کی شام لمز میں سر مائیکل باربر کے لیکچر کے موقع پر جاری کی جائے گی۔