• news
  • image

انتظامات مکمل سیکورٹی سخت‘ قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ آج لاہور میں شروع ہو گا

لاہور (سپورٹس رپورٹر/ نامہ نگار) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام قومی سپرایٹ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ آج سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔ پہلے روز تین میچ کھیلے جائیں گے، دن 12 بجے پہلا میچ فیصل آباد ولفز اور بہاولپور سٹیگز کے درمیان ہوگا۔ دوسرا میچ 4 بجے شروع ہوگا جس میں ملتان ٹائیگرز کا مقابلہ راولپنڈی ریمز سے جبکہ رات 8 بجے شروع ہونے والے میچ میں لاہور لائنز اور سیالکوٹ سٹالینز کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ گروپ اے میں لاہور لائنز، سیالکوٹ سٹالینز، ملتان ٹائیگرز اور ایبٹ آباد فالکنز جبکہ گروپ بی میں فیصل آباد ولفز، بہاولپور سٹیگز، راولپنڈی ریمز اور کراچی ڈولفنز کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 15 میچ کھیلے جائیں گے۔ دونوں سیمی فائنلز 30 مارچ کو جبکہ فائنل 31 مارچ کو کھیلا جائیگا۔ دریں اثناءپنجاب پولیس نے آج سے لاہور میں شروع ہونے والے قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے لئے سکیورٹی پلان تیار کر لیا۔ 31 مارچ تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کے لئے ایک ایس پی، تین ڈی ایس پی سمیت 20 ریزرو پولیس اور 500 اہلکار ڈیوٹی پر معمور ہونگے۔ یہ بات ایس پی سکیورٹی عبدالغفار قیصر نے میڈیا سے گفتگو میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے سکیورٹی اہلکاروں کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کو چیکنگ کے بغیر سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن