• news

عثمان اعجاز نے اسلام آباد کلب ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستانی نمبر 4 عثمان اعجاز نے اسلام آباد کلب ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ لیڈیز میں سابق نیشنل چیمپئن مہوش چشتی فتح یاب رہی، سینئر 50 سے اوپر ڈبلز مقابلوں میں طفیل چیمہ اور بریگیڈیئر صدیقی نے کامیابی حاصل کی۔ گذشتہ روز فارن آفس کلب کورٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز کے فائنل میں عثمان اعجاز نے عدنان خان کو 6-3 اور 6-2 سے مات دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ لیڈیز سنگلز فائنل میں سابق نیشنل چیمپئن مہوش چشتی نے انڈونیشیا کے لینی اینگرن کو 6-0 اور 6-0 سے شکست دے کر کامیابِی حاصل کی جبکہ سینئر 50 سال سے اوپر کے ڈبلز فائنل میں طفیل چیمہ اور بریگیڈیئر صدیقی نے سیکنڈ سیڈ میجر ریٹائرڈ پرویز ملک اور نادر ممتاز کو 6-3 اور 6-4 سے ہرا کر ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل کے اختتام پر تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری کیبٹ ڈویژن اور ایڈمنسٹریٹر اسلام کلب نرگس سیٹھی تھیں۔ انہوں نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

ای پیپر-دی نیشن