انسان کی عقل و شعور اور دانش میں اضافہ
مکرمی! دنیا میں عقل و شعور‘ دانش و حکمت و انسانیت کی رہنمائی کیلئے سب سے عظیم کتاب رب کی نازل کردہ ”قرآن حکیم“ ہے۔ اس میں پہلی آسمانی کتابوں تورات‘ زبور اور انجیل (بائبل) کے ساتھ پیغمبران دین کا بھی ذکر ہے۔ بین المذاہب ہم آہنگی کے احترام کا سبق ہے۔روزانہ صبح اٹھ کر نماز کی ادائیگی کے ساتھ کم از کم ایک رکوع قرآن باترجمہ پڑھنے سے دنیا میں اچھی و نیک زندگی گزارنے اور سیدھے رستے پر چلنے کیلئے انسانی ذہن کے بند دروازے کھلتے جاتے ہیں۔ اس میں نصیحت‘ احکامات‘ ہدایات‘ زندگی کے اصول و قیود‘ حدود اور نیک اعمال (والدین کا ادب و احترام‘ عورت کی عزت و حرمت کا خیال‘ بچوں پر شفقت‘ سچ‘ انصاف‘ دیانت‘ امانت‘ مدد‘ ہمدردی‘ برداشت‘ رواداری‘ رحمدلی‘ برابری) بیان کئے گئے ہیں۔ (رانا احتشام ربانی - اوکاڑہ)