• news

وہ مسلمانی کیسی؟ جو فرقہ پرستی کے سائے میں ہو!

مکرمی! آج ہم نے اپنی پہچان سنی‘ شیعہ‘ بریلوی اور دیوبندی کیوں بنا لی ہے؟ کیا ہماری پہچان بحیثیت مسلمان نہیں ہو سکتی؟ کیا ہم ایک امت نہیں بن سکتے؟ آج ہم فرقہ پرستی میں اتنا دھنس گئے ہیں کہ سنی‘ شیعہ‘ بریلوی اور دیوبندی کے دائرے سے نکل کر ہمیں اپنی مسلمانی میں شک ہوتا ہے۔ ان فرقوں کے بغیر اپنا مسلمان ہونا پسند ہی نہیں جبکہ اللہ اور اس کے رسول کو تو بس ہمارا مسلمان ہونا ہی پسند ہے۔ حضور نے سب مسلمانوں کو ایک جماعت کی شکل میں اکٹھا کیا تھا۔ وہ ایک ایسی جماعت تھی جو وضع میں تمدن میں مقاصد میں یکجا تھی ان بنیادوں پر امت محمدی کا وجود تشکیل دیا گیا آج ہمارے رویے امت کے وجود کو پارہ پارہ کر رہے ہیں۔ ہم نے اللہ اور اللہ کے رسول کی دی ہوئی پہچان کو پس پشت ڈال کر اپنی خود ساختہ پہچان کی حفاظت کو لازمی سمجھ لیا ہے۔ ساری زندگی اپنے ہی فرقے کے اندر رہ کر پھلتے پھولتے ہیں پھر اپنے فرقے کی عینک سے ہی دوسروں کے ایمان کو پرکھتے ہیں اور خود کو حق پر سمجھتے ہوئے دوسروں کو کافر اور مشرک قرار دیتے ہوئے دائرہ اسلام سے ہی خارج کر دیتے ہیں۔ کسی سے سلام لینا بھی گوارا نہیں کرتے۔ آخرکار ہمارے رویے اتنے متشدد کیوں اور کیسے ہو گئے؟ جبکہ سب ایک اللہ اور ایک رسول کو ماننے والے ہیں۔(قدسیہ سرور 72F-EME لاہور)

ای پیپر-دی نیشن