• news

اقتدار ملا تو آئین توڑنے اور خزانہ لوٹنے والوں کا کڑا احتساب کرینگے: جاوید ہاشمی

اوکاڑہ (ثناءنیوز) تحریک انصاف کے مرکزی صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ مستقبل کی سیاست میں آئین توڑنے اور خزانہ لوٹنے والوں کی کوئی جگہ نہیں۔ پی ٹی آئی کو اقتدار ملا تو آئین توڑنے اور خزانہ لوٹنے والوں دونوں کا کڑا احتساب کریں گے۔ مینار پاکستان کے کامیاب جلسے نے سیاست میں تبدیلی کے رخ کا تعین کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کے رہنما امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 185 میاں محمد انور پاشا کے ہمراہ ملنے والے وفد سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہ ہم آئین توڑنے والوں کو محفوظ راستہ دینے کی بجائے اسے احتساب کے راستے پر دوڑائیں گے۔ آئندہ انتخابات تبدیلی کی بنیاد پر ہو رہے ہیں۔ پرویز مشرف کی وطن واپسی اور خزانہ لوٹنے والے حکمرانوں کے سیاسی نعروں کا ملکی سیاست پر کوئی اثر نہیں کیونکہ 11 مئی کو ہونے والے انتخابات میں عوام صرف ان امیدواروں کو ووٹ دیں گے جن کا ماضی مفادات کی سیاست سے پاک ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل ہی عوام نے تبدیلی کی سیاست کی بنیاد مینار پاکستان کے جلسہ عام پر رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی تبدیلی کے نعرے کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن