• news

پی سی بی نے کھلاڑیوں کو سیاسی سرگرمیوں میں شرکت سے روک دیا

لاہور (چودھری اشرف/سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں 11 مئی کو ہونے والے انتخابات کے پیش نظر قومی کرکٹرز کو کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے سپورٹس ونگ بنا رکھے ہیں تاکہ عام انتخابات میں سابق اور سٹار کھلاڑیوں کو بھی ووٹ کے حصول کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے پہلے ہی سیاسی جماعتوں کے ساتھ اپنی وابستگی بنا رکھی ہے جس میں سابق کپتان عامر سہیل، اولمپیئن اختر رسول، شہناز شیخ، منصور احمد اور ایم ثقلین نے پاکستان مسلم لیگ ن، سابق فاسٹ باولر سرفراز نواز، اولمپیئن قمر ضیاءنے متحدہ قومی موومنٹ کو جوائن کر رکھا ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایسا فیصلہ تحریک انصاف کے سپورٹس ونگ کی جانب سے عمران خان کی سیاسی جلسوں میں سابق اور موجود کرکٹرز کو دعوت نامے بھجوانے کی پیش نظر کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چودھری ذکاءاشرف جن کا اپنا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماوں میں ہوتا ہے انہوں نے پی سی بی کے سنٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں اور بورڈ کے ملازمین پر واضح کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے اجتناب کریں جس کا مقصد جون میں انگلینڈ میں منعقد ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی ہے تاکہ تمام کھلاڑی اپنی تمام تر توجہ ٹورنامنٹ کی تیاری پر مرکوز رکھ سکیں اور کوئی بھی انہیں اپنے مقصد کے لیے استعمال نہ کر سکے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے ایسے فیصلے کے بعد بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل قومی کھلاڑیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کہ وہ انتخابات میں اپنی من پسند سیاسی جماعت کی بھی حمایت نہیں کر سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے سپورٹس ونگ نے سابق اور موجود ٹیسٹ کرکٹرز کی فہرست مرتب کرنا شروع کر دی ہے جس میں انہیں عمران خان کے جلسوں میں باقاعدہ مدعو کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ٹیم کے چند سینئر کھلاڑیوں کی خواہش ہے کہ وہ مسلم لیگ ن یا پاکستان تحریک انصاف میں سے کسی ایک جماعت کر جوائن کر کے اپنا مستقبل محفوظ بنائیں لیکن فوری طور پر ایسا ممکن دکھائی نہیں دے رہا ہے کیونکہ تمام سیاسی جماعتوں نے الیکشن میں جانے کے لئے اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دیکر سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن