چیئرمین واپڈا کے اختیارات کی بحالی، پروموشن بورڈ کی صدارت بھی کیا کریں گے
لاہور (ندیم بسرا) وفاقی حکومت نے چیئرمین واپڈا کے پرانے اختیارات بحال اور انہیں مزید اختیارات تفویض کر دئیے ہیں۔ تمام کمپنیوں کے سربراہان، جنکوز، این ٹی ڈی سی، پیپکو سمیت دیگر کو چیئرمین کے ماتحت کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ تمام کمپنیوں کے اندر گریڈ 18 سے 19 کے پروموشن بورڈ ختم کر دئیے گئے ہیں۔ اس سے اوپر گریڈ 19 سے 20ویں گریڈ کے پروموشن بورڈوں کے اجلاسوں کی بھی چیئرمین واپڈا ہی صدارت کیا کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ 5 برسوں سے ملکی بجلی نظام، پیپکو، این ٹی ڈی سی اور تقسیم کار کمپنیاں ہی چلا رہی تھیں۔ چیئرمین واپڈا کے اختیارات صرف واپڈا ونگ تک محدود ہو کر رہ گئے تھے جس کی وجہ سے ملک کے اندر تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ ہونے والی کوآرڈینیشن بالکل ختم ہو گئی تھی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ قابو سے باہر ہو گئی تھی۔ چند ماہ قبل وفاقی حکومت نے تجربہ کار اور سینئر انجینئر راغب عباس کو چیئرمین واپڈا تعینات کیا۔ چند ہفتے قبل انہیں کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا، اب وفاقی حکومت نے انہیں مزید فعال کرتے ہوئے زیادہ اختیارات دئیے ہیں۔ اس سے قبل واپڈا کا پروموشن بورڈ صرف واٹر ونگ تک محدود تھا۔ تقسیم کار کمپنیاں خود بورڈ کے اجلاس کرتیں اور افسروں کو ترقی دیتیں۔ پیسکو، این ٹی ڈی سی اور جینکوز کا بھی یہی حال تھا مگر اب تمام کمپنیوں اور دیگر کے تمام گریڈ 18 سے 19 اور گریڈ 19 سے 20ویں کا پروموشن بورڈ چیئرمین واپڈا خود کیا کریں گے۔ تمام کمپنیوں کو ترقی والے بورڈ کے اجلاس بلانے سے روک دیا گیا ہے۔ اس سے قبل جن کمپنیوں میں پروموشن بورڈ کے تحت ترقیاں دی گئی تھیں ان کو بھی ایڈجسٹ کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پہلا پروموشن بورڈ ایک روز قبل واپڈا ہا¶س میں ہوا جس میں 18 سے زائد چیف انجینئرز کو جنرل مینجرز کے عہدے پر گریڈ 20 میں ترقی دی گئی جس میں قابل ذکر موجودہ چیف ایگزیکٹو لیسکو محمد سلیم، فراست زمان، ممتاز بھٹو، سید سلیم اختر، نواب دین اور دیگر شامل تھے۔