نگران وزیراعظم اور گورنر پنجاب کی صدر زرداری سے ملاقاتیں
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) صدر آصف علی زرداری سے نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو اور گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے منگل کو علیحدہ علیحدہ ایوان صدر میں ملاقاتیں کیں۔ صدر اور وزیراعظم کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال‘ نگران کابینہ کی تشکیل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر زرداری نے ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے نگران وزیراعظم کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دریں اثناءصدر سے گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے بھی ملاقات کی جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر معاملات خاص طور پر نگران حکومت کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناءسماجی کارکن اور سابق نگران وفاقی وزیر انصار برنی نے صدر آصف زرداری سے ملاقات کی اور ان سے استدعا کی کہ آرٹیکل 45 کے تحت سزائے موت کے قیدیوں کی سزا جلد از جلد عمر قید میں بدل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں بند سزائے موت کے 65 فیصد قیدی بے گناہ ہیں۔ زندگی اور موت کی کشمکش سے دوچار ان قیدیوں پر بھی توجہ دی جائے۔