ہمارے امیدوار جیت کر پنجاب حکومت کے ختم کئے منصوبے مکمل کرینگے: پرویزالٰہی
لاہور+ سیالکوٹ (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ (ن) لیگ نے 5 سال غریبوں کو رگڑا دیا ہے، الیکشن میں عوام ا±سے رگڑا دیں گے اور ہمارے نامزد امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ وہ گذشتہ روز پنجاب کے مختلف اضلاع سے آنے والے قومی اور صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ کے امیدواروں کی بڑی تعداد سے گفتگو کر رہے تھے۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب میں شریف برادران نے جس طرح سرکاری خزانے کو اپنی نااہلی کی بھینٹ چڑھایا ہے وہ سب کے سامنے ہے، ناکام منصوبوں کے قبرستان میں شیخ چلی سکیموں کے کتبے شریف برادران کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ریکارڈ ہیں، یہ عوام کو جھوٹے نعروں اور بڑھکوں کے ذریعے مزید دھوکہ نہیں دے سکتے، عوام جان چکے ہیں کہ انہوں نے کس طرح ہر شہر اور قصبے میں ہمارے دور کے جاری عوامی فلاح اور ترقی کے منصوبوں پر کام بند کرایا اور پھر انہیں ختم کر دیا یہاں تک کہ لاہور کو بھی انہوں نے نہیں بخشا، ہمارے امیدوار الیکشن جیت کر اپنے اپنے حلقوں میں (ن) لیگ کی حکومت کی جانب سے ختم کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کو بحال اور مکمل کریں گے، جب ہم نے پنجاب کی حکومت چھوڑی صوبہ کے پاس 100 ارب روپے سرپلس تھے لیکن وہ اب 5 سال بعد 500 ارب کے خسارہ میں ہے، سرپلس پنجاب کو 500 ارب کا مقروض کرنے والے کس منہ سے معاشی دھماکہ کی بات کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ق لیگ کے پارٹی عہدیداروں اور رہنماﺅں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب کو کنگال کرنے والوں سے ق لیگ کا مقابلہ ہے اور اس مقابلہ میں پاکستان کی بانی جماعت مسلم لیگ (ق) بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور پنجاب کو دوبارہ خوشحال بنایا جائے گا۔ وفد میں چودھری سلیم بریا ر، چودھری ذوالفقار علی گھمن اور صدف بٹ بھی شامل تھے ۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پانچ سالوں کے دوران نام نہاد خادم اعلیٰ نے صوبہ پنجاب کا جو حال کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے اور اسی وجہ سے پنجاب کے عوام (ن) لیگ کو انتخابات میں مسترد کردیں گے اور پنجاب کو خوشحال بنانے والی ق لیگ کو ہی ووٹ کی طاقت سے کامیاب بنائیں گے۔ (ق) لیگ کو توڑنے کی تمام تر کوششیں ناکام ہوچکی ہیں اور اب (ن) لیگ خود انتشار اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔