• news

گورنر سندھ سے ملاقات، ایبٹ آباد آپریشن امریکہ کا غلط فیصلہ تھا: مشرف

کراچی + اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ دہشت گرد مجھے مارنے میں کامیاب ہوئے نہ ہوں گے، امریکہ کا ایبٹ آباد میں آپریشن غلط فیصلہ تھا، غیر ملکی جریدے کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کے خلاف ہوں کیونکہ یہ ملکی سالمیت کے خلاف ہیں۔ پرویز مشرف نے کہا کہ سابق حکومت نے دہشت گردی اور معاشی اصلاحات سے متعلق اقدامات نہیں کئے۔ دریں اثناءسابق صدر نے گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقات کی اور ملک میں امن و امان اور سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دریں اثناءخیرپور کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میں اپنی جان خطرے میں ڈال کر پاکستان بچانے آیا ہوں، جلد سندھ کا تفصیلی دورہ کروں گا، کراچی سے بھی الیکشن لڑ سکتا ہوں۔ ادھر این اے 184 بہاولپور سے سابق وفاقی وزیر نیلوفر بختیار نے مشرف کے لئے کاغذات نامزدگی فارم حاصل کیا جبکہ این اے 48 سے مشرف کے کاغذات نامزدگی چودھری اسد نے حاصل کئے ہیں۔ سکیورٹی خطرات کے باعث سابق صدر پرویز مشرف نے کراچی میں قیام کے دوران اپنی سرگرمیاں اور نقل و حرکت محدود رکھی ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں پارٹی کی مرکزی قیادت سے خطاب میں پرویز مشرف نے کہا ہے کہ اے پی ایم ایل آئندہ انتخابات میں تمام نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ 11 مئی 2013ءکو ہونے والے انتخابات ملک میں تبدیلی کے لئے ایک اہم ذریعہ ہیں۔ قبل ازیں مشرف نے اپنی جماعت کے پارلیمانی اور صوبائی بورڈ کا اعلان کر دیا، دریں اثناءپارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرویز مشرف اسلام آباد کے حلقہ این اے 48اور چترال سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن لڑیں گے۔ پارٹی ذرئاع نے بتایا کہ پرویز مشرف مزید نشستوں سے بھی الیکشن لڑ سکتے ہیں۔ سربراہ وہ خود ہوں گے۔ علاوہ ازیں سابق صدر سے مسلم لیگ ہم خیال کے وفد نے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن