لیمینیشن پیپر‘ انک اور بک لیٹس کی قلت‘ 7 لاکھ پاسپورٹس کا اجراءرک گیا
اسلام آباد (ثناءنیوز) پاکستان میں توانائی کے بحران کی طرح نئے پاسپورٹ کا اجرا بھی ان دنوں بحرانی کیفیت سے دوچار ہے۔ لیمنیشن پیپر، انک اور بک لیٹس کی قلت کے سبب اب تک تقریبا سات لاکھ پاسپورٹس کا اجرا رکا ہوا ہے۔پاسپورٹ آفس صدر کے ایک ذمے دار افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ نئے پاسپورٹ کے حصول کے لئے اب تک تقریبا سات لاکھ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ لیکن ان میں سے ابھی تک صرف چند سو پر ہی کارروائی ہوسکی ہے۔حکومت نے مذکورہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے سینیٹ کے قواعد و ضوابط 2012 کے رول 166کے تحت قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سے دو ہفتے کے اندر اندر تجاویز طلب کر لی ہیں۔پاسپورٹ آفس صدر کے ہی ایک اورافسر نے بتایا کہ پاسپورٹ میں تاخیر کا عمل گزشتہ برس اکتوبر، نومبر میں شروع ہوا تھا۔ استفسار پر پاسپورٹ آفس کے عہدیدار نے بتایا کہ پاسپورٹس کے اجرا میں تعطل کی سب سے بڑی وجہ حکومت کی جانب سے بک لیٹ بنانے والی کمپنی کو رقوم کی فراہمی نہ کرنا ہے۔ اگر حکومت چاہتی تو یہ معاملہ بہت پہلے حل ہو چکا ہوتا۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے پاسپورٹ کی مدت میں اضافے کے حوالے سے عہدیدار نے بتایا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے پاسپورٹس پر مینول سٹمپ لگا کر ان کی میعاد بڑھائی جا رہی ہے لیکن کچھ ممالک مثلا برطانیہ اور متحدہ عرب امارات اس کو ماننے سے انکار کر رہے ہیں۔