• news

ایچ ای سی، وفاق المدارس، انٹر بورڈ کمیٹی الیکشن کمشن سے تعاون کریں: سپریم کورٹ

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی کیخلاف دائر درخواست کی سماعت، عدالت نے الیکشن کمشن کو ہدایت کی ایسا نظام وضع کیا جائے جس کے ذریعے شہری کسی امیدوار کے بارے میں معلومات حاصل کر سکے۔ عدالت نے متعلقہ اداروں کو ڈگریوں کی تصدیق کے لئے الیکشن کمشن سے تعاون کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت 28 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ جمشید دستی نے عدالت کو بتایا وہ حنا کھر کےخلاف الیکشن لڑنا چاہتے ہیں اس لئے مقامی جاگیردار اور بااثر افراد میرے خلاف ہو گئے ہیں تاہم چیف جسٹس نے ان سے کہا کہ ان کا کیس 28 مارچ کو مرکزی کیس کے دوران سنا جائے گا۔ سماعت کے دوران سکرٹری الیکشن کمشن اشتیاق احمد نے عدالت کے استفسار پر بتایا کہ امیدواروں کی تفصیلات کے بارے میں ایسا میکنزم تیار کیا جا رہا ہے تاکہ ان سے متعلق معلومات تک عام آدمی کی رسائی ہو سکے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایسا میکنزم بنایا جائے تاکہ عام آدمی مقررہ ادائیگی کرنے کے بعد ان معلومات کو حاصل کر سکے، عدالت نے ہائر ایجوکیشن کمشن، وفاق المدارس اور انٹر بورڈ کمیٹی کو ہدایت کی کہ امیدواروں کی اسناد اور ڈگریوں کی جانچ پڑتال کیلئے الیکشن کمشن سے مکمل تعاون کیا جائے، بعدازاں سماعت ملتوی کر دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن