• news

مسلم لیگ ن پر اب مشرف کے جیالوں کا قبضہ ہے: راجہ ریاض

لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں سابق قائدحزب اختلاف راجہ ریاض احمد نے نوازشریف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) کا نام پی ایم ایل مشرف / نواز (ن۔م) رکھ لیں کیونکہ مشرف کے تمام ساتھی سوائے چند ایک کو چھوڑ کر ان کی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں جنہیں وہ ضمیر کی خلش کے بغیر قبول بھی کر چکے ہیں۔ مانسہرہ میں نوازشریف کے جلسہ عام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گلے لگانے کا ان کا رویہ اس امر کا شاہد ہے کہ وہ اپنے مقصد کے حصول کے لئے کوئی بھی ذرائع اختیار کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سردار شاہ جہاں یوسف مانسہرہ سے (ق) لیگ کے ٹکٹ پر ایم این اے منتخب ہوئے تھے جنہوں نے حال ہی میں اپنی پارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی کیونکہ نواز شریف اصولوں کے تقاضوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے لوٹوں کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پر اب مشرف کے جیالوں کا قبضہ ہے جبکہ پارٹی کے مخلص کارکن اپنے قائدین کی بے اصولی سیاست کو دیکھتے ہوئے گوشہ گمنامی میں پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی کارکن قیادت کے ساتھ وابستہ رہے جب کہ نوازشریف آئندہ 10 تک ملکی سیاست میں حصہ نہ لینے اور جلا وطن رہنے سے متعلق جنرل مشرف کے ساتھ خفیہ معاہدہ کر کے جدہ روانہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اپنے وعدوں کا کوئی پاس نہیں کیا اور جن کو وہ پارٹی کا سرمایہ قرار دیتے تھکے نہیں تھے ان کی دوبارہ خبر تک نہ لی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا کیونکہ آئندہ انتخابات میں انہیں روائتی بیساکھیوں کے بغیر حصہ لینا ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن