• news

جعلی ڈگری کیس: مسلم لیگ (ن) کے افتخار نااہل، جاوید لطیف کا فیصلہ محفوظ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پی پی 81جھنگ سے رکن صوبائی اسمبلی افتخار احمد کو جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دے دیا۔ درخواست گزار محمد اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر حلقہ پی پی 81جھنگ سے منتخب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی کی رکنیت کو جعلی ڈگری رکھنے کے الزام میں لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ افتخار احمد نے آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کی جعلی ڈگری پر الیکشن لڑا تھا۔ دریں اثناءلاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس خالد محمود خان نے شیخوپورہ سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کو نااہل قرار دینے کے لئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ میاں جاوید لطیف کے وکیل نے کہاکہ جعلی ڈگری کا الزام غلط ہے اور درخواست گزار کے پاس واضح ثبوت موجود نہیں لہٰذا درخواست مسترد کی جائے۔ عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ علاوہ ازیں مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن نے جعلی ڈگری کیس میں پیپلزپارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی اقبال لنگڑیال کو نااہل قرار دینے کے خلاف دائر درخواست پر اٹارنی جنرل سے جواب طلب کر لیا۔ اقبال لنگڑیال نے مﺅقف اختیار کیا کہ کسی بھی رکن اسمبلی پر آئین کے آرٹیکل 62اور 63کا مستقل اطلاق غیرآئینی اقدام ہے۔

ای پیپر-دی نیشن