آسٹریلیا نے افغانستان میں اہم فوجی اڈا بند کرنے کا اعلان کر دیا
کابل (بی بی سی +اے ایف پی) آسٹریلیا نے کہا ہے کہ وہ 2013 کے خاتمے سےقبل افغانستان میں اپنا اہم ترین فوجی اڈا بند کر دے گا۔ وزیرِ دفاع سٹیون سمتھ نے کہا ہے کہ ارزگان صوبے میں ترین کوٹ میں قائم آسٹریلیا کا ملٹری بیس منصوبے کے مطابق بند کر دیا جائے گا تاکہ اس سال کے اخیر تک آسٹریلوی فوجیوں کو وطن واپس لایا جا سکے۔ اس کے بعد وہاں سکیورٹی کی ذمے داری افغان فوج کو منتقل ہو جائے گی۔بہر حال کچھ آسٹریلوی فوجی افغانستان میں صلاح کار کے کردار میں موجود رہیں گے۔ اس بات کا انکشاف دفاعی فوج کے سربراہ جنرل ڈیوڈ ہرلی نے مسٹر سمتھ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔