• news

مشرف کو گرفتار کر کے نام ای سی ایل میں ڈالا جائے: مولانا عبدالعزیز

اسلام آباد (آن لائن) خطیب لال مسجد مولانا عبدالعزیز نے سابق صدر مشرف کو فوری گرفتار کر کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر عدالتوں نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کی تو انہیں بھی برابر کا ذمہ دار سمجھیں گے، مشرف کا ٹرائل نہ ہوا تو ملک میں مسائل پیدا ہونگے اور عوام کا شدید ردعمل آئےگا جبکہ طارق اسد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مشرف کے ساتھ ساتھ طارق عظیم بھی سانحہ لال مسجد کے ذمہ دار ہیں، چودھری شجاعت بری الذمہ ہیں، پرویز مشرف کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو ذمہ دار چیف جسٹس ہوں گے۔ قادیانی شیعہ سنی فسادات کو ہوا دے کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ لال مسجد میں پریس کانفرنس کے دوران خطیب لال مسجد مولانا عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مشرف قرآن و سنت کی بے حرمتی، امریکہ و اتحادیوں کو اڈے، افغانستان میں مسلمانوں کا قتل عام، ڈرون حملوں کی اجازت، لال مسجد و جامعہ حفصہ آپریشن، سانحہ بارہ مئی، ججز کو حبس بے جا اور اکبر بگٹی کے قتل سمیت سنگین جرائم کا مرتکب ہوا ہے اس لئے اسے فوراً گرفتار کر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو سکیورٹی فراہم کرنے کی بجائے گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ مولانا عبدالعزیز نے کہا کہ ان کی رہائی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں تھی، انہوں نے پرویز مشرف کو ذاتی طور پر معاف کیا تھا مگر لال مسجد شہداءفاﺅنڈیشن نے انہیں معاف نہیں کیا۔ طارق اسد ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ قادیانی ملک کے 70 فیصد بڑے عہدوں پر فائز ہیں اور ملک میں شیعہ سنی فسادات کو ہوا دے رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن