پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اوراے این پی کے منشور میں کوئی خاص فرق نہیں:جرمن میڈیا
اسلام آباد/ برلن (اے پی اے ) جرمن میڈیانے دعویٰ کیاہے کہ پاکستان کی تین بڑی سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی منشور میں بڑی حد تک مماثلت پائی جاتی ہے تاہم پاکستان میں منشور کو محض ایک رسمی کارروائی اور دلفریب انتخابی نعروں سے مزین کتابچے سے زیادہ اہمیت حاصل نہیں۔ منگل کو جرمن نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملک کی اقتصادی حالت کی بہتری، توانائی بحران کا خاتمہ، امن و امان کی خراب صورتحال پر قابو پانے، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے نعروں سے بھرپور ان منشوروں کو کتابی شکل میں شائع کیا گیا ہے۔ سابق وزیر قانون اور چالیس سال سے ملکی سیاست میں سرگرم افتخار گیلانی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان کے عوام نہ منشور دیکھتے ہیں نہ منشور کی وجہ سے ووٹ دیتے ہیں۔