ڈگری کی شرط ختم ہو چکی ‘ امیدواروں کو بلا مقصد نااہل قرار نہ دلایا جائے: چیف جسٹس
اسلام آباد (آئی این پی / اے پی اے) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار چودھری نے جعلی ڈگری کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن لڑنے کیلئے ڈگری کی شرط ختم ہو چکی ہے۔ ایسے فضول میں امیدواروں کو نااہل نہ کرائیں، احترام کا رشتہ برقرار رہنا چاہئے، الیکشن میں کوئی تاخیری حربہ نہیں چلنے دیں گے۔ آرٹیکل 62 اور 63کا اطلاق الیکشن کمشن نے کرنا ہے، پرویز مشرف جہاں کاغذات نامزدگی جمع کرا رہے ہیں وہاں اعتراض اٹھایا جائے‘عدالت نہ تو قانون بنا سکتی ہے اور نہ ہی ایس او پی جاری کر سکتی ہے‘ عدالت کو نہیں معلوم کہ کوئی بھی ووٹر کسی امیدوار پر کیا اعتراض کرے ‘ الیکشن کمشن انتخابات کرائے یا پیشیاں بھگتے، جن امیدواروں کے بارے میں جھوٹ بولا گیا، ان کی نشاندہی کریں، عدالت بلا لے گی، سکروٹنی کرنے والے بہتر جانتے ہیں کہ آرٹیکل 62 اور 63 کا اطلاق کیسے کرنا ہے۔ بدھ کو چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس گلزار پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آرٹیکل 62 اور 63کا اطلاق الیکشن کمشن نے کرنا ہے، پرویز مشرف جہاں کاغذات نامزدگی جمع کرا رہے ہیں وہاں اعتراض اٹھایا جائے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ درخواست کا بنیادی مقصد آرٹیکل 62 اور 63 پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے، عدالت ووٹر کو امیدوار کے کوائف تک رسائی کے احکامات جاری کر چکی ہے، وہ بتائیں کہ مزید کیا اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔