• news

”زر بابا“ ہمارے کام میں رکاوٹ ڈالتے رہے‘ الیکشن میں چوروں کا صفایا ہو جائے گا: شہباز شریف

لاہور (انٹرویو: فرخ سعید خواجہ) سابق وزیراعلی پنجاب اور مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے اللہ کی دی گئی توفیق کی بدولت پانچ سال میں عوامی خدمت کی اپنی سی کوشش کی۔ اللہ نے موقع دیا تو آئندہ بھی پاکستان کو خوشحال بنانے کےلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں صرف کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا ”زر بابا“ کی جانب سے پنجاب حکومت کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جاتی رہیں اس کے باوجود ہم نے سر پھینک کر صوبے کی خوشحالی کے لئے نہ صرف کام کیا بلکہ دوسرے صوبوں کے بہن بھائیوں کا ہر مشکل وقت میں اپنی بساط سے بڑھ کر پنجاب نے ساتھ دیا جس سے دشمنوں کی صوبوں کو آپس میں لڑانے کی سازشوں کو ناکام بنانے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن ملک کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے۔ عوام دھوکے بازوں، لٹیروں، اور چالیس چوروں کو الیکشن میں صاف کر دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مسلم لیگ ن جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور سیاسی مخالفین کو بھی عزت اور مقام دیتی ہے تاہم مجھے یہ کہنے میں کوئی باک نہیں کہ الیکشن میں عوام چوروں اور لٹیروں سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔ عمران خان کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ صرف اتنا کہیں گے کہ ”سونامی والوں“ نے نواز شریف کا مانسہرہ کا جلسہ دیکھا ہے تو ان کی آنکھیں کھل گئی ہوں گی۔ انہوں نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں کیے گئے اقدامات کی تفصیل بیان کی جس میں سستی روٹی سکیم، دانش سکول، آشیانہ، ییلو کیب، گرین ٹریکٹر سکیم، ڈینگی کا خاتمہ، میٹروبس منصوبہ ودیگر امور شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ میٹروبس کا منصوبہ شاگرد نے استاد سے بڑھ کر کارکردگی دکھاتے ہوئے مکمل کیا اب اللہ نے موقع دیا تو مسلم لیگ ن کراچی سے لاہور تک بلٹ ٹرین چلائے گی۔ کراچی میں ماس ٹرانزٹ ٹرین چلائی جائے گی۔ پانچ سالہ دور حکومت میں اپنی ناکامیوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ تھانہ کلچر تبدیل نہیں کر سکے۔ پٹواری مافیا کا مکمل خاتمہ نہیں ہو سکا تاہم اس سلسلے میں بہتری کے لئے کوششیں کی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن