• news

ٹیکس چوروں، قرضے کھانے، خزانہ لوٹنے، جعلی ڈگری والوں کو ٹکٹ نہیں دیں گے: فاروق ستار

کراچی (نیٹ نیوز + این این آئی) ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنونیئر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے کبھی بھی انتخابی اتحاد نہیں کیا، اس الیکشن میں بھی ایم کیو ایم کسی کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کرے گی لیکن ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔ کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوروں، قرضے ہڑپ کرنے والوں، قومی دولت لوٹنے اور جعلی ڈگری والوں کو پارٹی ٹکٹ نہیں دیں گے۔ بڑے بڑے سردار اور وڈیرے ترقی اور مسائل کے حل میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی حد بندیاں کراچی کے عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہیں، نئی حد بندیوں کے معاملے پر کراچی کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے حصول کے لئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ فاروق ستار نے کہا کہ انتخابات میں خیبر پی کے، پنجاب اور سندھ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ووٹ بنک کو تقسیم کرنے کی سازش کی جاری ہے یہ ایک غیر قانونی عمل ہے، انہو ں نے کہا کہ یہ کراچی کے عوام کے جمہوری حق پر ڈاکہ ہے، اہلیان کراچی اور کراچی کے ووٹرز کسی حال میں اپنے جمہوری حق پر ڈاکے کو قبول نہیں کریں گے۔ فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی واحد جماعت ہے جس نے متوسط طبقے سے جنم لیا اور پڑھے لکھے افراد کو ٹکٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ملک سے قومی خزانے کو لوٹ کر بیرون ملک اپنی جاگیریں قائم کیں ایسے لوگوں کو بھی ہر گز ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن