کرپشن سے ملک کنگال ہو گیا، سیاسی جماعتیں باکردار امیدوار سامنے لائیں: منور حسن
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی منورحسن نے کہاہے کہ ہم بلاتخصیص تمام جماعتوں سے اچھے اور باکردار امیدواروں کو سامنے لانے اور پارٹیوں کے اندر سے کالی بھیڑوں کو نکال باہر کرنے کی امید رکھتے ہیں ، سیاسی جماعتیں آئین کی دفعہ 62-63 پر پورے اترنے والے امیدوار نامزد کریں۔ پارٹیوں نے دیانتدار، امین اور اچھے کردار کے حامل لوگوں کو ٹکٹ دینے کے بجائے پھر سے انہی کرپٹ اور نااہل لوگوں کو ٹکٹ جاری کئے تو ملک و قوم کا اللہ ہی حافظ ہے، ملک پہلے ہی تباہی کے کنارے کھڑا ہے ،کرپشن کی وجہ سے ملک کنگال ہوگیا، زراعت اور معیشت تباہ و برباد ہے ، مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، ملک کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو ان مسائل کو حل کر سکے۔ انہوں نے یہ بات منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ منورحسن نے کہاکہ ارکان اسمبلی کی لوٹ مار کی وہ پارٹی براہ راست ذمہ دار ہوتی ہے جس نے اس کے تمام کرتوت جانتے ہوئے بھی اسے نامزد کیا۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمشن نے جن دعوﺅں کا اظہار کیا ہے ابھی تک انہیں عملی شکل دینے کی طرف کوئی قدم نہیںاٹھایا گیا اور وہی پرانے چہرے ڈھول ڈھمکے کے ساتھ کاغذات نامزدگی داخل کرواتے نظر آتے ہیں۔ علاوہ ازیں سربراہ مسلم لیگ ضیاءاعجاز الحق نے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اعجاز الحق نے کہاکہ کاغذات نامزدگی کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد وہ منصورہ آ کر امیر جماعت اسلامی منورحسن سے ملاقات کریں گے۔