ہائیکورٹ کے دیگر بنچ بنانے کےخلاف کیس کی سماعت سے جسٹس ناصر سعید شیخ کا انکار
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس ناصر سعید شیخ نے لاہور ہائیکورٹ کے مختلف شہروں میں علاقائی بنچ بنانے کے شہباز شریف حکومت دور کے فیصلے کے خلاف دائر رٹ درخواست کی سماعت سے انکار کر دیا۔ فاضل جج نے ابتدائی سماعت کے بعد اٹارنی جنرل آف پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس واپس چیف جسٹس کو بھجوا دیا تاکہ اس کے لئے لارجر بنچ بنایا جائے۔ درخواست گزار اللہ بخش گوندل ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ اعلی عدلیہ ہے جس کی ایک عظمت اور معیار ہے۔ ہائی کورٹ عام طور پر صوبائی دارالحکومت میں ہی ہوتی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے پہلے ہی تین علاقائی بنچ ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی میں کام کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود حکومت پنجاب نے مزید 5 شہروں میں بنچ بنانے کا اعلان کیا جو لاہور ہائی کورٹ کی عظمت کو خراب کرنے اور وکلا کو تقسیم کرنے کی سازش ہے۔ لہٰذا فاضل عدالت اعلان کردہ علاقائی بنچوں کو غیر آئینی قرار دے۔