نواز شریف اور سردار اختر مینگل کے درمیان آئندہ چند روز میں اہم ملاقات متوقع
لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ محمد نواز شریف اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے صدر سردار اختر مینگل کے درمیان آئندہ چند روز میں اہم ملاقات متوقع ہے ۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات میں آئندہ عام انتخابات میں بلوچستان کی صورتحال اور انتخابی حکمت عملی طے کی جائےگی ۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے سربراہ محمد نواز شریف نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے انتخابات میں حصہ لینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی این پی کے انتخابی عمل میں جانے سے بلوچستان کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل صاف اور شفاف انتخابات کے نتیجے میں حقیقی بلوچ قیادت کا سامنے آنا ہے ۔ اگر اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ اور بلوچیوں کے زخموں پر مرہم رکھیں گے۔