ڈی جی خان‘ جام پور میں 2 بسیں الٹ گئیں‘ بچوں‘ خواتین سمیت 22 جاں بحق‘ 43 زخمی
ڈیرہ غازی خان + جام پور (نامہ نگاران + ایجنسیاں) ڈیرہ غازی خان اور جام پور میں زائرین اور مسافروں کی بسیں الٹنے سے 22 افراد جاںبحق اور 43 افراد زخمی ہو گئے جاںبحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ صدر اور وزیراعظم سمیت سیاسی و سماجی رہنماو¿ں نے مسافر بسوں کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے بھی واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے۔ پولیس کے مطابق راجن پور کی تحصیل جام پور میں ڈیرہ غازی خان سے کوٹ مٹھن جانے والی مسافر بس حمید والا کے قریب کار کو بچاتے ہوئے الٹ گئی جس کے نتیجے میں 12 افراد جاںبحق اور 30 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حادثے میں جاںبحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ زخمیوں کو مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہسپتال میں منتقل کیا۔ ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور روڈ کے قریب زائرین کی بس الٹ گئی جس میں 10 افراد جاںبحق ہو گئے۔ زائرین کی بس فیصل آباد سے سخی سرور جا رہی تھی کہ راستے میں تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔ حادثے میں 13 افراد شدید زخمی ہوئے۔ حادثے کے بعد امدادی کارکن اور ایمبولینسیں بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جہاں سے نعشوں اور زخمیوں فوری طور پر جنرل ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔