غازی آباد: گھریلو جھگڑے پر دو بچوں کی ماں نے خودسوزی کرلی
لاہور+ حافظ آباد (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) غازی آباد کے علاقہ میں دو بچوں کی ماں نے شوہر سے جھگڑے کے بعد دلبرداشتہ ہوکر پٹرول چھڑک کر خودسوزی کرلی جبکہ مختلف شہروں میں خاتون سمیت 3افراد نے زندگی ختم کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ غازی آباد کے علاقہ تاجپورہ سکیم کے شعیب محکمہ ایری گیشن میں ملازم ہے۔ شعیب کا اپنی بیوی دو بچوں کی ماں 27سالہ عامرہ سے کسی بات پر جھگڑا ہو گیا جس پر دلبرداشتہ ہوکر عامرہ نے خود کو کمرے میں بند کرکے پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔ گھر والوں نے دروازہ توڑ کر اسے ہسپتال پہنچایا جہاں وہ دم توڑ گئی ہے۔ متوفیہ کے شوہر شعیب اور متوفیہ کی ماں نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ عامرہ بلڈ پریشر کی میریضہ تھی۔ پولیس کےمطابق حالات واقعات سے یہ ثابت ہواہے کہ عامرہ نے خودسوزی کی ہے۔ حافظ آباد کے حاجی محمد یوسف کا بیٹا اختر تندور پر محنت مزدوری کرتا تھا اور اس کی قریباً ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ اختر نے مبینہ طور پر کسی کا 3ہزار قرض دینا تھا لیکن اُسکی آمدن نہ تھی۔گذشتہ روز اُس نے حالات اور تنگدستی سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ فیصل آباد کے عرفان نے علاقہ میں ہی چھوٹا سا دفتر بنا رکھا تھا جہاں وہ اکثر فارغ اوقات میں بیٹھ جایا کرتا تھا گذشتہ روز عرفان نے خود کو گولی مارکر ہلاک کر ڈالا۔ بھلوال کے نواحی قصبہ دیووال کی بھاگ بھری کا اپنے خاوند اشرف سے رشتہ کے لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا۔ دونوں کے درمیان اختلاف رائے کے باعث ان میں جھگڑا ہوا جس پر 6بچوں کی ماں بھاگ بھری نے چھری گلے پر چلاتے ہوئے خودکشی کرلی۔