• news

سرکاری ملازمین و فوجیوں کے لئے پوسٹل بیلٹ کے حصول کی آخری تاریخ 15 اپریل مقرر

اسلام آباد (آئی این پی) الیکشن کمشن نے سرکاری ملازمین و فوجیوں کےلئے پوسٹل بیلٹ پیپر کے حصول کیلئے درخواستیں دینے کی آخری تاریخ 15 اپریل جبکہ انتخابی عملے کےلئے 25 اپریل مقرر کر دی ہے۔ الیکشن کمشن کی طرف سے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اپنے آبائی علاقوں سے دور تعینات سرکاری ملازمین‘ فوجی اہلکار اور ان کے اہل خانہ اپنے ووٹ کا حق پوسٹل بیلٹ کے ذریعے استعمال کرنے کے لئے پندرہ اپریل تک درخواستیں دے سکتے ہیں۔ درخواستوں پر انہیں پوسٹل بیلٹ جاری کئے جائیں گے۔ قانون کے تحت اپنے انتخابی حلقے سے دور فرائض سرانجام دینے والے سرکاری ملازمین، فوجی افسران و اہلکار وغیرہ پوسٹل بیلٹ حاصل کرنے کی صورت میں اپنے انتخابی حلقے میں ووٹ کا حق استعمال نہیں کر سکتے۔ جیلوں میں قید شہری اور اپنے حلقے سے باہر ڈیوٹی دینے والا انتخابی عملہ بھی پوسٹل بیلٹ حاصل کر سکتا ہے اور انتخابی عملے کےلئے بیلٹ پیپر کے حصول کےلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ 25 اپریل مقرر کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن