خیبرایجنسی : وادی تیراہ میںدوکالعدم تنظیموں کے درمیان لڑائی جاری
پشاور (این این آئی) خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میںدو کالعدم تنظیموںکے درمیان جھڑپوں کی وجہ سے علاقہ میدان جنگ بنا ہوا ہے۔ مقامی افراد گھر بار چھوڑ کر اور جان بچا کر مختلف علاقوں میں پناہ لے رہے ہیں جہاں ان متاثرین کی زندگی مزید مشکل ہوگئی ہے۔ خیبر ایجنسی کے علاقہ تیراہ میں دو شدت پسند گرپوں میں جھڑپوں کی وجہ سے مقامی افراد کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔ فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق اب تک 5ہزار خاندان نقل مکانی کر کے اورکزئی ایجنسی، ہنگو ،کرم ایجنسی ،کوہاٹ اور پشاور کے مختلف علاقوں میں رہائش اختیارکررکھی ہے۔ ایف ڈی ایم اے کے مطابق متاثرین کی منتقلی کیلئے ڈھائی ہزار گاڑیاں کرائے پر حاصل کی گئی ہیں اور5سو خیمے اورکزئی ایجنسی بھیج دئے گئے ہیں۔متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ اب تک باقاعدہ کوئی کیمپ نہیں قائم کیاگیا اور نہ ہی رجسٹریشن کی گئی ہے۔ متاثرین نے حکومت سے امداد کی اپیل کی ہے۔خیبر ایجنسی کے وادی تیراہ میں کالعدم تنظیموں تحریک طالبان اور انصار الاسلام میں تقریبا ڈھائی ماہ سے جھڑپیں جاری ہیں اوراب تک دونوں گرپوں کے سیکڑوں شدت پسند ہلاک ہوچکے ہیں۔