پاکستان میں انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے: برطانوی ہائی کمشنر
لند ن(آئی این پی )پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنرایڈم تھامسن نے کہا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے اور جمہوریت کی مضبوطی پاکستان کو مضبوط کرے گی جبکہ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے کہا کہ جمہوریت کو مضبوط کرنے میں جنرل کیانی کا کردار بہت اہم ہے۔لندن میں پاکستانی ہائی کمشن کی جانب سے یوم پاکستان کے حوالے سے عشائیہ دیا گیا۔ اس موقع پر مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں عام انتخابا ت سے جمہوریت مضبوط ہو گی۔تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی برطانیہ کے وزیر برائے اقلیتی امور ایرک پکل تھے۔ایرک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو اہم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عام انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے۔اس موقع پر پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے بھی خطاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات پاکستان کے لئے اہم ہیں اور جمہوریت کی مضبوطی پاکستان کو مضبوط کرے گی ۔