جماعت اسلامی کا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے آپشن کھلے رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد (نواز رضا+ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا جماعت اسلامی کی قیادت نے عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے اپنے آپشن اوپن رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان اقبال ظفر جھگڑا اور خواجہ سعد رفیق نے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ قائم کیا ہے اور مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے اختتام کے بعد مذاکرات کا دوسرا دور شروع کرنے کا پیغام دیا ہے۔ قبل ازیں جماعت اسلامی اور مسلم لیگ ن کی چاروں صوبوں میں مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات کا ایک دور ہو چکا ہے۔ اگلا دور ایک دو روز بعد شروع ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطاب جماعت اسلامی نے پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ق، اے این پی اور ایم کیو ایم سے انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم جماعت اسلامی نے مسلم لیگ ن، تحریک انصاف اور دینی جماعتوں سے انتخابی اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے اپنے آپشن اوپن رکھے گی۔