• news

الیکشن کمشن کے حکم پر ناصر محمود کھوسہ چیف سیکرٹری سندھ تعینات‘ میجر (ر) قمر الزماں کو پنجاب میں لگانے کی ہدایت

اسلام آباد (خبر نگار + ثناءنیوز) الیکشن کمشن آف پاکستان نے چیف سیکرٹری پنجاب اور چیف سیکرٹری سندھ کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔ الیکشن کمشن نے چیف سیکرٹری پنجاب ناصر محمود کھوسہ کو چیف سیکرٹری سندھ اور میجر (ر) قمرالزمان جو کہ وفاقی حکومت میں سیکرٹری ایجوکیشن ہیں کو چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں جبکہ چیف سیکرٹری سندھ راجہ محمد عباس کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ الیکشن کمشن نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہدایت کی کہ ان احکامات پر عملدرآمد کر کے انہیں 3 دن میں رپورٹ کرے۔ ثناءنیو ز کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب ناصر محمود کھوسہ کو چیف سیکرٹری سندھ تعینات کر دیا گیا۔ سندھ میں تعیناتی سے وہ ملکی تاریخ کے پہلے سول سرونٹ بن گئے ہیں جنہیں تین صوبوں میں بطور چیف سیکرٹری اپنے فرائض سرانجام دینے کا منفرد اعزاز حاصل ہو گا۔ قبل ازیں وہ بلوچستان میں چیف سیکرٹری کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن