سابق ارکان اسمبلی اور افسروں کے بجلی میٹر چیک کرنے کا حکم
لاہور (نوائے وقت نیوز) ملک بھر میں سابق ایم این اے، ایم پی ایز اور سرکاری افسروں کے گھروں کے میٹروں کی چیکنگ کا فیصلہ کر لیا گیا۔ چیئرمین واپڈا نے 500 ارب کا گردشی قرضہ ادا کرنے کے لئے خصوصی ریکوری مہم چلانے کا حکم بھی دے دیا۔ چیئرمین واپڈا راغب علی شاہ کی جانب سے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے سربراہوں کو خصوصی مراسلہ جاری کیا گیا ہے، سابق ارکان اسمبلی کے گھروں کے میٹر چیک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میٹروں میں گڑ بڑ پائی جائے تو جرمانہ ڈال کر فوری مقدمہ درج کرایا جائے۔ یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ جی او آر میں مقیم سرکاری افسران کے گھروں کے میٹر بھی چیک کئے جائیں۔ چیئرمین کا کہنا ہے کہ 500 ارب روپے کا گردشی قرضہ ادا کرنے کے لئے بلا امتیاز ریکوری مہم چلائی جائے۔ نادہندگان خواہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو اس سے واجبات وصول کئے جائیں۔ مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سابق ارکان اسمبلی کے بلوں کے بقایا جات کی بھی مکمل چھان بین کی جائے۔