• news

دوبارہ برسراقتدار آ کر سب سے پہلے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کریں گے : شہبارشریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) صوبے میں دوبارہ برسراقتدار آکر تمام کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کر دے گی۔ وہ گریڈ ایک سے پندرہ تک کے کنٹریکٹ ملازمین کے وفد سے خطاب کر رہے تھے جس نے پارٹی سیکرٹریٹ میں ان سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ کنٹریکٹ ملازمین دل چھوٹا نہ کریں حکومت سنبھالنے کے بعد پہلا کام ان ملازمین کو مستقل کرنے کا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین چاہے کنٹریکٹ پر رکھے گئے ہوں یا مستقل بنیادوں پر ہم نے پنجاب میں اپنے دور حکومت کے دوران ایک فرد بھی میرٹ اور متعینہ طریق کار کے خلاف ملازم نہیں رکھا۔ کنٹریکٹ ملازمین کے نمائندوں نے اس موقع پر کہا کہ اگرچہ بعض سیاسی اور انتظامی وجوہ پر ہم مستقل نہیں ہو سکے تاہم ہم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ایک لاکھ سے زائد ملازمین کو مستقل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام امیدیں شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) سے لگی ہوئی ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ نے ملازمین کو نصیحت کی کہ وہ اللہ پر بھروسہ رکھیں اور اپنے فرائض پوری دیانتداری ، محنت اور غیر جانبداری سے ادا کریں۔ 

ای پیپر-دی نیشن