• news

انتخابی مہم میں بلاول کا کردار نہ ہونے کے برابر ہوگا: برطانوی اخبار

اسلام آباد (اے پی اے ) سابق حکمران جماعت پیپلزپارٹی نے اپنے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری کی اپنے والد اور پھوپھی سے اختلافات کی خبروں کو مسترد کردیا ہے تاہم یہ اعتراف کیا ہے کہ انتخابی مہم میں ان کا کردار نہ ہونے کے برابر ہوگا۔ ایسا ہوا تو پیپلزپارٹی کیلئے آنے والے انتخابات آسان ثابت نہیں ہوں گے کیونکہ بلاول اس جماعت میں بھٹو خاندان کے واحد مرد وارث ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نوجوان بلاول زرداری سکیورٹی وجوہات کی بناءپر دبئی منتقل ہوئے اور وہ انتخابی مہم کے دوران ریلیوں میں شرکت نہیں کریں گے۔ دوسری جانب صدارتی ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری انتخابی مہم کا حصہ ہوں گے۔ ایک برطانوی اخبار انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سیاست دان ایک دوسرے کے خلاف پوائنٹ سکورنگ کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے تاہم ان کی انتخابی مہم دہشتگرد حملوں کے ڈر سے بری طرح متاثر ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مذہبی عدم برداشت 2007ءکے مقابلے میں بڑھ چکی ہے اور بلوچستان میں بلوچ علیحدگی پسندوں کی مسلح کارروائیاں اور ملک کے دیگر حصوں میں طالبان عسکریت پسندوں کا زور بڑھا ہے۔ اسی طرح طالبان نے 3 بڑی جماعتوں پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کو براہ راست حملوں کی دھمکی دی ہے۔ اس حوالے سے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری بہت کم ریلیوں میں شرکت کریں گے اور اکثر اوقات وہ ویڈیو لنک یا فون کے ذریعے ہجوم سے خطاب کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کو بھی انہی مشکلات کا سامنا ہے اور وطن واپسی پر انہیں سکیورٹی کے باعث کراچی میں جلسہ منسوخ کرنا پڑا جبکہ ریٹائرڈ فوجی کمانڈوز اور انٹیلی جنس اہلکاروں سمیت فوجی و پولیس گارڈز ان کی حفاظت پر مامور ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن