سابق وزیراعظم پرویزاشرف کے حلقہ میں 5 ارب کا ٹھیکہ منسوخ‘ این ایل سی رقم واپس کرے : اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے حلقے میں 5 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا ٹھیکہ منسوخ کر دیا گیا۔ ترقیاتی منصوبوں کا ٹھیکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے منسوخ کیا۔ عدالت نے ٹھیکے کو پیپرا رولز کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے این ایل سی کو وصول کی گئی رقم واپس کرنے کا حکم دیا ہے۔ 30 دن میں پیپرا رولز کے تحت شفاف انداز میں ٹھیکہ دیا جائے۔ این ایل سی کو دو سڑکوں کی تعمیر کا ٹھیکہ دیا گیا تھا۔ عدالت نے پیپرا رولز کی خلاف ورزی پر 5 نومبر 2012ءکو حکم امتناعی جاری کیا تھا نجی کنسٹرکشن کمپنی نے ٹھیکے کے خلاف درخواست دائر کی جسے جسٹس شوکت صدیقی نے کالعدم قرار دیدیا، مندرہ، چکوال روڈ اور سوہاوہ چکوال روڈ کی تعمیر کا ٹھیکہ این ایل سی کو دیا گیا تھا دس اکتوبر 2012ءکو یہ ٹھیکہ دیا گیا درخواست گزار نے موقف اختیار کیا عدالت سے حکم امتناعی کے باوجود حکومت نے اپنے آخری روز یعنی 16 مارچ کو تین ارب 70 کروڑ کی رقم این ایل سی کو جاری کردی جس پر ٹھیکہ کالعدم قرار دیدیا گیا۔