• news

166 ارب کی وصولی : 20 اپریل سے بجلی کے ڈیفالٹرز کو گرفتار کریں گے : چیئرمین نیب

اسلام آباد (عمران مختار / دی نیشن رپورٹ) نیب نے ملک بھر میں بجلی کے نادہندگان کی گرفتاری کا اعلان کیا ہے جن کے ذمے اس وقت الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے 166 ارب روپے ہیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نیب کے چیئرمین ایڈمرل (ر) فصیح بخاری نے کہا ہے کہ ان افراد کی گرفتاریاں 20 اپریل سے شروع ہونگی۔ انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ پاور سیکٹر میں بدترین کرپشن پائی جاتی ہے۔ 166 ارب روپے میں سے 110 ارب روپے ان ڈیفالٹرز نے دینے ہیں جن میں سے ایک کے ذمہ 0.1 ملین روپے ہیں۔ ان نادہندگان سے کہا گیا ہے کہ وہ 19 اپریل تک ادائیگیاں کر دیں جس کے بعد گرفتاریاں شروع ہو جائیں گی۔ نیب نے تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے دفاتر میں اپنے سیل قائم کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن کی اجازت کے بعد قومی اسمبلی، سینٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے منتخب ارکان کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ الیکشن کمشن کو سزا یافتہ افراد کی فہرست دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا کسی خاص پارٹی سے تعلق ہے نہ حکومت سے بلکہ یہ سسٹم میں موجود خرابیوں کی وجہ سے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن