سابق کپتان یونس خان کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ
اسلام آباد+لاہور+کراچی (نیوز ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ ٹےم کے سابق کپتان یونس خان نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا۔ یونس خان کے قریبی ذرائع کے مطابق یونس خان نے اپنی حالیہ کارکردگی کے پیش نظر ون ڈے کرکٹ کا خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے اس حوالے سے مشاور ت مکمل کرلی ہے۔ وہ پہلے ہی ٹی ٹونٹی کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔2009 ءمیں لارڈز میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی میں کامیابی کے بعد یونس خان نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے ایک ٹی ٹونٹی میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی لیکن وہ مستقل 20 اوورزکی کرکٹ نہیں کھیلتے۔ اب جنوبی افریقا کی خراب کارکردگی نے35 سالہ بیٹسمین کے ون ڈے کیریئر پر سوالات اٹھا دئیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یونس خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپرایٹ ٹورنامنٹ میں ایبٹ آباد کا کپتان مقررکیا تھا تاہم انہوں نے ابتدائی دونوں میچوں میں شرکت نہیں کی۔ ان کی جگہ کپتانی کرنے والے جنید خان نے کہا کہ یونس خان نجی مصروفیات کی وجہ سے لاہور نہیں آ سکے ہیں تاہم یونس خان کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ وہ ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہنے کےلئے سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔ وہ پہلے ہی ٹی ٹونٹی کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔