ایشین کرکٹ کونسل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ : افغانستان نے بحرین‘ ملائیشیا نے سنگاپور کو ہرا دیا
کھٹمنڈو (اے پی پی) ایشین کرکٹ کونسل ٹی ٹونٹی کپ میں افغانستان نے بحرین کو 72 رنز اور ملائیشیا نے سنگاپور کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ کرتی پور کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سنگاپور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے، چمندا روون 47 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، انیش پرام 44 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ ملائیشیا کی طرف سے نذرل رحمان، حماداللہ خان، حسن، خضر اور شہرالنظام نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں ملائیشین ٹیم نے سوہان کمار کی 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف 18 ویں اوور میں پورا کر لیا۔ ان کی اننگز میں تین شاندار چھکے بھی شامل تھے، ابھیراج سنگھ، راجا، شعیب رزاق اور سعد جنجوعہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ سوہان کمار میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ لالت پور میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں پر 157 رنز بنائے، گلبدین نائب نے 46 رنز بنائے، نجیب اللہ زدران 45 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ سمیر یوسف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بحرین کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 15.5 اوورز میں 85 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ کپتان طاہر ڈار 14 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ گلبدین نائب نے 4 اور حمزہ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ گلبدین نائب کو عمدہ آل راﺅنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔