• news

گورو کی پھانسی قابل مذمت‘میت لواحقین کو ملنی چاہئے‘ مسئلہ کشمیر خارجہ پالیسی کا بنیادی مرکز ہے: زرداری

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) صدر آصف علی زرداری سے صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے ملاقات کی۔ صدر زرداری نے کشمیری رہنماﺅں کی طرف سے دورہ مظفر آباد کی دعوت قبول کر لی۔ اس موقع پر صدر زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کروں گا۔ افضل گورو کی شہادت پر صدر زرداری اور کشمیری رہنماﺅں نے دعائے مغفرت کی صدر زرداری نے کہا بھارت کی جانب سے افضل گورو کو پھانسی قابل مذمت ہے۔ آن لائن کے مطابق صدر زرداری سے آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کے وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد نے صدر کو کامیابی کے ساتھ 5سالہ دور حکومت پر مبارکباد دی اور انہیں آزاد کشمیر اسمبلی اور کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کی دعوت دی۔ اور صدر زرداری نے یہ دعوت قبول کر لی۔ صدر نے آر پار کی قیادت کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی مرکز و محور ہے۔ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام متحد و متفق ہیں اور ایک نکاتی ایجنڈے پر قائم ہیں۔ صدر زرداری نے کہا افضل گورو مقبول بٹ کے جسد خاکی ان کے لواحقین کو ملنے چاہئیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے اس موقع پر کہا دونوں اطراف کی قیادت مسئلہ کشمیر کو یک نکاتی سمجھتی ہے۔ پہلی بار سیاسی قیادت نے مسئلہ کشمیر پر مشترکہ موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے گیس معاہدے اور گوادر معاہدے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صدر زرداری نے پاکستان کے مستقبل کو محفوظ کر لیا ہے اور معاشی دھماکہ کیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن