کسی بھی بحران سے نمٹنے کیلئے عوام کی حمایت اور تعاون ضروری ہے: جنرل کیانی
سیالکوٹ (نامہ نگار + ایجنسیاں) چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف کو فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے،کسی بھی ہنگامی صورت حال یا جنگ کی صورتحال سے نبرد آزما ہونے، سامان حرب کو متحرک کرنے اور سیکنڈ لائن فورس اور انتظامی امور کو بہتر بنانے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو بری افواج کے جنگی نظریات کی توثیق کے جاری عمل سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ فوج کی جاری تنظیم نو اور معیشت پر بوجھ ڈالے بغیر فوج کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے سابقہ جنگوں کے دوران سیالکوٹ کے لوگوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بحران سے نمٹنے کیلئے فوج کیلئے عوام کی حمایت اور تعاون انتہائی ضروری ہے۔ عوام کی مدد اور تعاون کسی بھی جنگ کے جیتنے میں اہم ہوتی ہے سیالکوٹ کے افراد کی جنگوں کے دوران قربانیاں لائق تحسین ہیں۔ قبل ازیں چیف آف آرمی سٹاف کی آمد پر کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو ”مقامی فورسز“ کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس تصور کا مطلب یہ ہے کہ زمانہ جنگ کے دوران دوسری دفاع لائن اور ریزروز کو منظم انداز میں فوری طور پر جارح دشمن کے خلاف متحرک کرنا ہے۔