کوئٹہ میں فرقہ وارانہ دہشتگردی کا خطرہ، سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی
کوئٹہ (آن لائن) حساس اداروں نے حکومت بلوچستان کو آگاہ کیا ہے کہ کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی اور جنداللہ کی جانب سے کوئٹہ میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کا خدشہ ہے۔ سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ لشکر جھنگوی اور جنداللہ کی جانب سے مشترکہ طور پر کوئٹہ میں بڑے پیمانے پر دہشت گردی کی واردات کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی تیز کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو چوکنا رہنے کی ہدایت کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق بارود سے بھری گاڑی کو شہر کے کسی بھی حساس علاقے میں بلاسٹ کیا جا سکتا ہے۔کوئٹہ کے مصروف بازار میں مشکوک گاڑی کی اطلاع پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اورفوری طور پر بم ڈسپوزل سکواڈ طلب کرلیا گیا جس نے گاڑی کو کلیئر کردیا۔