نگران وزیراعظم، وزیراعلیٰ پر مک مکا ہو چکا تھا، عوام کو ”ماموں“ بنایا گیا: بابر اعوان
لاہور(وقائع نگار خصوصی) سابق وفاقی وزیر قانون سینیٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم اور وزیراعلی پر پہلے سے مک مکا ہوچکا تھا قوم کو ”ماموں“ بنایا گیا۔ لاہور ہائی کورٹ بار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مفاہمت کا کھیل ماموں بھانجے کا ہے۔ انتخابی عمل جاری رہنا چاہیے اسی میں قوم کی بھلائی ہے۔ بابر اعوان نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ عدالتی اشتہاری ملزم پاکستان آچکا ہے اور للکار رہا ہے کہ آﺅ اور مجھے گرفتار کرو مگر بڑی بڑی باتیں کرنے والے خاموش ہیں نہ جانے ان کو کونسا سانپ سونگھ گیا ہے۔ جب تک عدالتیں کسی کو نادہندہ قرار نہ دیں اسے الیکشن میں حصہ لینے سے نہیں روکا جا سکتا۔