پٹرول 1.80، ڈیزل 1.45روپے لٹر سستا کرنے کی تجویز، سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال
اسلام آباد (خبرنگار+ نوائے وقت نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کر دی گئی۔ اوگرا نے قیمتوں میں 8.03روپے فی لٹر تک کمی کی سفارش کر دی۔ یکم اپریل سے پٹرول 1روپیہ 80 پیسے فی لٹر، ہائی اوکٹین 8روپے 3پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل 1روپیہ 45پیسے، لائٹ ڈیزل 4روپے 93پیسے اور مٹی کا تیل 4روپے 69پیسے فی لٹر سستا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کی کوشش ہے کہ پٹرولیم لیوی دو بار بڑھا دی جائے جس کے نتیجہ میں حکومت کو دو ارب روپے اضافی ریونیو حاصل ہو گا جبکہ صارفین پٹرولیم اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کمی کے ریلیف سے محروم ہو جائیں گے۔ اس بات کا فیصلہ نگران وزیراعظم میرہزار خان کھوسو کریں گے۔